DailyBazyab pishin

ڈی آئی جی نصیرآباد رینج کامران نواز پنجوتھا کا ضلع صحبت پور کا دورہ، امن و امان سے متعلق اہم اجلاس

صحبت پور(رپورٹ اعجاز پیچوہا)ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد رینج کامران نواز پنجوتھا نے ضلع صحبت پور کا دورہ کیا، جہاں ایس پی آفس پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ایس پی صحبت پور خلیل اللہ کاکڑ نے ڈی آئی جی کو روایتی ٹوپی اور اجرک بطورِ تحفہ پیش کی۔دورے کے دوران ڈی آئی جی کامران نواز پنجوتھا کی زیرِ صدارت ضلع بھر کے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کا اہم کرائم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، سنگین جرائم، زیرِ تفتیش مقدمات، اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری، منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں سمیت پولیس کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی نے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، مقدمات کی بروقت اور میرٹ پر تفتیش مکمل کی جائے، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں مزید تیزی لائی جائے اور جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔بعد ازاں ڈی آئی جی نصیرآباد نے پولیس تھانہ ملک محمد علی شہید کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے کے مختلف شعبہ جات، ریکارڈ، حوالات، عمارت اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے تھانے کی چھت پر قائم مورچوں اور چوکیداری پوائنٹس کا بھی جائزہ لیا اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر اور ہر وقت الرٹ رکھنے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی کامران نواز پنجوتھا نے افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر تمام پولیس تنصیبات، تھانوں، ناکہ بندیوں اور اہم سرکاری و عوامی مقامات کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے، گشت کے نظام کو مؤثر بنایا جائے، انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیوں میں اضافہ کیا جائے اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے ضلع میں امن و امان کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More